سماہنی چوکی (سماہنی ڈاٹ کام نیوز)
گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج سماہنی میں کالج بس نہ ہونے پر طلباء کا احتجاج، حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق راجہ بڈھے خان گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج سماہنی کے طلباء نے ادارے کے لیے کالج بس نہ ہونے پر احتجاج کیا اور حکومت و محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام سے فوری طور پر نئی بس فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے احتجاجی طلباء کا کہنا تھا کہ وہ دور دراز علاقوں جیسے باغسر، بنڈالہ، سدھیڑی، ڈب، جندی چونترہ اور دیگر سرحدی علاقوں سے روزانہ کالج آتے ہیں، لیکن بس کی عدم دستیابی کے باعث انہیں شدید سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ موجودہ وقت میں ادارے کے پاس صرف 1989 ماڈل کی ایک بیڈ فورڈ بس موجود ہے جو گزشتہ 10 برسوں سے ناکارہ حالت میں کھڑی ہے، ناقابل استعمال اور ناقابلِ رفتار ہے طلباء نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں لوکل ٹرانسپورٹ پر انحصار کرنا پڑتا ہے، جس سے نہ صرف وہ کالج تاخیر سے پہنچتے ہیں بلکہ مہنگا کرایہ ادا کرنا پڑتا ہے جو ان کے والدین کے لیے اضافی مالی بوجھ بن چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی بار کالج انتظامیہ کی جانب سے بس کی فراہمی کے لیے اعلیٰ حکام کو درخواستیں دی گئیں، لیکن تاحال کوئی شنوائی نہیں ہوئی کالج انتظامیہ کا بھی کہنا ہے کہ طلباء کی بروقت حاضری اور تعلیمی کارکردگی براہ راست متاثر ہو رہی ہے۔ ادارہ کا رزلٹ بہتر ہونے کے باوجود، سفری سہولت نہ ہونا ایک بڑا مسئلہ ہے۔ والدین بھی اس حوالے سے سراپا احتجاج ہیں اور بچوں کے لیے فوری سفری سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کر رہے ہیں طلباء نے وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق اور وزیر کالجز سے اپیل کی ہے کہ راجہ بڈھے خان گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج سماہنی کے لیے فوری طور پر نئی بس فراہم کی جائے تاکہ طلباء کو معیاری تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں
645