576

بزم شعر وسخن تحصیل سماہنی کے زیراہتمام پہلامشاعرہ

ا لحمُد للہ! ثم ا لحمُدللہ!
خواب سے حقیقت تک………… 14مارچ 2020 بروز ہفتہ
رپورٹ: مدثریوسف پاشا
اللہ رب العزت کے خصوصی فضل وکرم سے تحصیل سما ہنی کی پہلی محفل مشاعرہ ”لہولہو چناروں کی بستی“ دی فالکنز آئیڈیل کالج چوکی میں بزم شعر وسخن کے زیر اہتمام منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی پرویز رشید فرزند چودھری محمدرشید (مرحوم) سابق وزیر حکومت تھے جبکہ صدارت معروف شاعر پروفیسر نیاز سبحانی نے کی۔ تقریب کاباقاعدہ آغازتلاوت کلام ربانی سے ہوا جس کی سعادت ادارہ کے طالب علم ذیشان علی نے حاصل کی جبکہ نعت رسول مقبول ﷺ تابش ارشد نے پیش کی۔ معزز مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہنے کے لیے محفل مشاعر ہ کے روح رواں پروفیسر عزیز نجم چیئرمین آزادی کشمیر فورم جموں وکشمیر تشریف لائے انہوں نے شرکائے محفل کاشکریہ اداکیا کہ وہ تحصیل سماہنی کے پہلے باضابطہ مشاعرے کاحصہ بنے اور اپنے علم وادب دوست ہونے کاحق اداکیا۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض معروف شاعر،کالم نگار، ادیب مدثریوسف پاشا بانی وسرپرست اعلیٰ بزم شعر وسخن نے سرانجام دئیے اور مشاعرے کی روایت کے مطابق پہلے اپنا کلام پیش کیا ازاں بعد تحصیل سماہنی کے معروف شاعر حکیم سید علی اکبر کو کلام پیش کرنے کی دعوت دی۔ شاہ جی نے اپنے مخصوص خوبصورت انداز میں نعتیہ اشعار اپنے مجموعہ کلام (یارحمتہ للعالمین) سے پیش کیے،مجاہدین کشمیر کوخراج عقیدت پیش کیا،حضرت علیؓ کی شان میں بہت ہی خوبصورت اشعار پڑھے اور حاضرین محفل سے بھرپور داد سمیٹی۔ اسی موقع پر حکیم سید علی اکبر شاہ نے مہمان خصوصی اور صدرمشاعرہ کو اپنی شائع شدہ دو کتب (یارحمتہ للعالمین اور صدائے دل) بطور ہدیہ پیش کیں۔ اس کے بعد پوناسے تعلق رکھنے والے نوجوان شاعر سید شہاب عباس نے اپنے کلام سے حاضرین محفل کے دلوں کو گرمادیا۔ چاہی سے تعلق رکھنے والے نوجوان شاعر شہباز حبیب عباسی نے اپناکلام نہایت ہی خوبصورت انداز میں پیش کرکے بھرپور داد سمیٹی۔ محفل مشاعرہ کے اگلے شاعر تحصیل سماہنی کے معروف صحافی، کالم نگار راشد راج تھے جنہوں نے بڑے ترنم سے اپنا کلام حاضرین کے گوش گزار کیا حتی کہ انہیں مشاعرہ کی روایت سے ہٹ کردو دفعہ بلایاگیا۔ پونا کے رہائشی حال مقیم ڈڈیال سید غلام عباس حیدر نے اپنی باری پر آکر اپنا خوبصور ت کلام اتنے تواتر اور ترنم سے پیش کیاکہ حاضرین محفل داد دئیے بغیر نہ رہ سکے۔ تونین سے تعلق رکھنے والے نوجوان شاعر عثمان رزاق نے اپنی غزل پیش کرکے خوب داد سمیٹی۔ موضوع کی مناسبت سے احمدندیم قاسمی کی غزل پڑھنے کااعزاز معروف صحافی امجد عزیز کاشر نے حاصل کیا ان کے کلام پیش کرنے کے اندا ز پر حاضرین نے خوب تالیاں بجائیں۔کشمیر پریس کلب سماہنی کے صدر سید مظہر جعفری نے محفل مشاعر ہ سے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ بزم شعر وسخن اور دیگر منتظمین مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے وادی میں پہلی دفعہ شعر وسخن کے لیے لوگوں کو پلیٹ فارم مہیا کیا۔ جنرل سیکرٹری آزادی کشمیر فورم کیپٹن (ر) خان ندیم خان نے شرکائے محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الفاظ کو خوبصورت پیرائے میں بیان کرنا اللہ رب العز ت کی خصوصی عطا ہوتی ہے جس سے ایک شاعر اور ادیب خصوصی طورپر نواز ا جاتاہے۔پروفیسر عزیز نجم، مدثریوسف پاشا کی آج کی کاوش تحصیل سماہنی کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔ اتنا پروقار اور شاندار مشاعرہ کرانے پر انہیں دل سے مبارکباد پیش کرتاہوں۔ صدرمحفل مشاعرہ پروفیسر نیاز سبحانی نے کشمیر کے حوالے سے اپنا منظوم کلام نہایت ہی پیارے انداز میں پیش کیا اور شریک محفل افراد کو خوب لطف اندوز کیا۔ محفل مشاعرہ میں سابق امیدوار اسمبلی محمدلطیف، صدرمعلم محمدانور، صابر ندیم مغل، ڈاکٹر عمیرصابر، چودھری افتخار احمد، اے آر شہزاد، ساجدحبیب، ماسٹر محمداسلم، ماسٹر راجہ محمدالطاف، بشارت رضا، آصف شاہد، خاور الیاس، معروف سبحانی، اسامہ سجاد، جنیدعظیم، ادریس اعوان،خرم شہزاد، ایس ٹی وی کے ادریس چودھری، جے کے نیوزکے سید بدرالاسلام جعفری،ریاستی میڈیاکے ایم زبیر کشمیری، تنویر اکبر چودھری کے علاوہ فالکنز آئیڈیل کالج کے طلباء وائس چیئرمین مرزا بشارت حسین کے علاوہ عوام علاقہ کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔ مشاعرہ کے اختتام پر شرکائے محفل کی تواضع بھی کی گئی۔ محفل مشاعرہ کے انعقاد کے لیے وطن فرنیچر چوکی کے ایم ڈی عابداسلم نے خصوصی تعاون کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں