وادی سماہنی کے سرسبز جنگلات میں آگ کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری ،پے در پے مختلف بلاکس میں آگ لگنے کا سلسلہ جاری، حکومت آزادکشمیر اور محکمہ جنگلات کے اعلٰی حکام جنگلات کو آگ سے بچاؤ کی موثر منصوبہ بندی واقدامات نہ کر سکے،آگ برساتے سورج اور جنگل کی آگ نے درجہ حرارت میں خطرناک حد تک اضافہ کر دیا، علاقہ بھر میں دھواں اور گردوغبار،فضا آلودہ اور گرمی کی شدت میں بے پناہ اضافہ،جنگلات کو آگ لگانے والے شرپسند و ماحول دشمن عناصر کا طریقہ واردات،رات کے وقت اچانک آگ لگا دی جاتی ہے.
کھمباہ بلاک کے جنگلات میں پیر کی رات سےلگی آگ نے جنگل کے وسیع رقبہ کو جلا کر خاکستر کر دیا، جنگلی حیات چرند پرند اور انکے مسکن جل گئے، جنگلی حیات اور پرندوں کے شوروغل سے جنگلات گونجنے لگے محکمہ جنگلات کے اہلکاران اور سول سوسائٹی کے افراد ناکافی وسائل اور بغیر خاطر خواہ سہولیات کے آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف عمل تاہم آگ کے پھیلاؤ کا سلسلہ بلند ترین پہاڑی پیر تتو سے ہوتا ہوا بڑوٹھیاں پارک ،کھیڑابگلہ،گڑھا وینساں کے جنگلات میں تباہی پھیرتا ہوا چوکی کی رانی دیوتی پہاڑی کی طرف بڑھنے لگا،
آخری اطلاعات تک جنگل کی آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا، حکومت آزادکشمیر اور محکمہ جنگلات کے اعلیٰ حکام کی جانب سے اس سال موسم گرما میں جنگلات کو آگ سے بچانے کے لئے کوئی موثر حکمت عملی اور اقدامات نہ ہونے پر شہریوں نے حکومت آزادکشمیر سے حالات کی سنگینی کا ادراک کرتے ہوئے آگ پر قابو پانے کے لئے بہتر حکمت عملی اور جنگلات اہلکاروں کو پرانے روایتی طریقہ کار کے بجائے بہتر وسائل مہیا کرنے، ریسکیو اداروں کو فعال بنانے کیساتھ ساتھ آگ لگانے والے شرپسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے ،نیز آزاکشمیر بھر میں فائر سیزن کے دوران ہنگامی دفاعی اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ خطہ کے ماحول کو تباہ وبرباد ہونے سے بچایا جا سکے۔
197