824

جنڈالہ واٹر فال …..ہے دیکھنے کی چیز اسے بار بار دیکھ

ہے دیکھنے کی چیز اسے بار بار دیکھ
ہم آپ کو تحصیل سماہنی کے مشہور تجارتی مرکزجنڈالہ کے قصبے کھنہ میں واقع نہایت ہی دیدہ زیب اور من کولبھانے والی واٹر فال (آبشار) کی سیر کرواتے ہیں۔جنڈالہ سے درہال کی طرف جاتے ہوئے بڑجن کراس پر نیچے نالے میں واقع ہے۔ اس تک پہنچنے کے راستے کو ہموار اور قابل استعمال بنادیاگیاہے شوقین سیا ح حضرات کھانے پینے کاسامان ساتھ لے کر جائیں اور مزے لیں۔ غسل کے شوقین افراد کے لیے بھی یہ بہت اچھا پوائنٹ ہے کیونکہ اس آبشار کاپانی بہت تیزرفتار اور شفاف ہے۔دن بھر کی تھکن اور گھبراہٹ کو دورکرنے کے لیے ایک ہی غسل کافی ہے۔
سیاح حضرات سے گزارش ہے کہ وہ اپنے ساتھ کم ازکم ایک بڑاشاپر ضرور رکھیں تاکہ استعمال شدہ چیزیں مثلاً ریپر وغیرہ زمین پر پھینکنے کی بجائے اس میں ڈال کر واپس لے آئیں اور کسی مناسب جگہ انہیں تلف کریں اس سے ہماری پیاری سماہنی میں آلودگی بھی نہیں پھیلے گی اور ہمارا شمار مہذب اقوام میں ہونے لگے گا۔پنجاب بھر کے بائیکر ز اور سیاح اس واٹر فال کودیکھنے کے لیے کثیر تعداد میں آرہے ہیں وہ تمام اس کی خوبصورتی اور حسن دیکھ کر ششدررہ جاتے ہیں قدرت کی فیاضی اور خوبصورتی کایہ شاہکار واٹر فال دیکھنے کے قابل ہے۔
محکمہ سیاحت آزادکشمیر کے ڈی جی، وزیراعظم اور وزیر سیاحت سے دردمندانہ اپیل کی جاتی ہے کہ بھمبر میں محکمہ صحت کوفعال بنایاجائے۔ تحصیل سماہنی میں اس کادفتر قائم کیاجائے۔ اور ایسے فرد کو تعینات کیاجائے جو سیاحت کے فروغ میں خاطر خواہ کردار اداکرے۔ نیز آزادکشمیر بھر میں سیاحتی مقامات تک جانے والے راستوں کو پختہ اور زیادہ مشکل راستو ں پر پل تعمیر کیے جائیں،ریسٹ ہاؤسز بنائے جائیں۔ تاکہ سماہنی کاحسن بالخصوص اور آزادکشمیرکابالعموم نکھر کرلوگوں کے سامنے آئے۔ کیونکہ یہ پنجاب کے ترین واقع نہایت خوبصورت اور پرامن ویلی ہے۔ پرفضا مقام ہے اور کم خرچ بالانشین کے مصداق تھوڑے خرچ میں بہت زیادہ حسین جگہیں اور مناظر دیکھے جاسکتے ہیں۔ اگر مری اور ایبٹ آباد ٹریک سے رش کم کرکے سماہنی جیسے خوبصورت علاقے کوڈویلپ کیاجائے تو اس سے ناصرف سماہنی کے لوگوں کی آمدنی میں اضافہ ہوگابلکہ اس علاقہ کی خوبصورتی دنیا کے سامنے آئے گی۔ مسائل کم ہوں گے،ترقی کی راہیں کھلیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں